اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں ایک سرنگ کے قریب ہونے والے دھماکے میں اس کے دو اہلکار مارے گئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب فوجی ایک عمارت کے اندر موجود سرنگ کے داخلی راستے کا جائزہ لے رہے تھے، اسی دوران اچانک زوردار دھماکا ہوا جس میں ایک کیپٹن سمیت دو اہلکار جان سے گئے، جبکہ دو دیگر زخمی ہوئے۔
فوجی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے اہلکار ’یہالوم‘ نامی اسپیشل انجینیئرنگ یونٹ سے تعلق رکھتے تھے اور گولانی بریگیڈ کے تحت فرائض انجام دے رہے تھے۔
دھماکے کی ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ یہ دھماکا سرنگ کے اندر نصب دھماکہ خیز مواد کے باعث ہوا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں زمینی کارروائی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 416 ہو چکی ہے۔
ادھر شمالی غزہ میں یروشلم بریگیڈ سے تعلق رکھنے والا ایک ریزرو فوجی شدید زخمی ہو گیا، تاہم اس واقعے کی مکمل تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔
اسی روز غزہ شہر کے مشرق میں قائم ایک اسرائیلی فوجی کیمپ میں بھی دھماکا ہوا جس میں 401 آرمرڈ بریگیڈ کے دو اہلکار زخمی ہوئے، ابتدائی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ ایک ٹینک کے گولے کے قبل از وقت پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔