اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ آج صبح فجر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ میں تقریباً 50 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، غزہ سٹی کے مشرقی علاقے تفاح میں ایک حملے میں کم از کم 11 افراد شہید ہوئے، جن میں 4 بچے بھی شامل ہیں۔ غزہ سٹی اور شمالی علاقوں میں مختلف حملوں میں مزید 23 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے 13 سالہ فلسطینی بچے کو شہید کر دیا۔ جنوبی شہر رفح میں امدادی مرکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 6 افراد شہید ہوئے، جبکہ خان یونس کے شمال میں واقع قصبہ القراعہ پر گولہ باری میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
فلسطینی حکام کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں کل 81 فلسطینی شہید اور 422 زخمی ہوئے ہیں۔ مارچ میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 6,089 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 21,013 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں مجموعی طور پر 56,412 فلسطینی شہید اور 133,054 زخمی ہو چکے ہیں۔