142
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کسی بین الاقوامی سرحد کو تسلیم نہیں کرتا اور امریکا کی پشت پناہی سے جہاں چاہے، مداخلت کر لیتا ہے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران خطے میں جنگ کی توسیع نہیں چاہتا، لیکن اگر اس کی خودمختاری یا سلامتی کو چیلنج کیا گیا تو ردعمل انتہائی سخت اور فیصلہ کن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ "اسرائیل جتنا آگے بڑھے گا، ہمارا ردعمل اتنا ہی سخت ہوگا، اور ہم کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے۔”
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ ان کا ملک جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور اس سے متعلق امریکا سے بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران توانائی کے حصول کے لیے یورینیم کی افزودگی کا عمل جاری رکھے گا کیونکہ یہ اس کا جائز حق ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ "ایرانی قوم جارح نہیں، لیکن اگر چھیڑا گیا تو اپنے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔”