اسرائیل نے عرب وزرائے خارجہ کو روک دیا، غزہ میں امریکی امدادی مرکز پر بمباری، 31 شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسرائیل نے عرب وزرائے خارجہ کو رام اللہ جانے سے روک دیا، غزہ میں امدادی مرکز پر حملے میں 31 فلسطینی شہید، اقوامِ متحدہ نے غزہ کو دنیا کا سب سے بھوکا علاقہ قرار دے دیا۔

latest urdu news

مقبوضہ بیت المقدس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، اسرائیلی حکومت نے مصر، اردن، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کو فلسطینی صدر محمود عباس کی دعوت پر مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے دورے سے روک دیا ہے۔ ان وزرائے خارجہ کو فلسطینی صدر کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں شرکت کرنا تھی، جو فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ میزبانی میں 17 سے 20 جون کے دوران نیویارک میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے قبل طے پایا تھا۔ تاہم، اسرائیل نے اجلاس کی اجازت دینے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کی کوئی اجازت نہیں دے گا۔

دوسری جانب، غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی کا سلسلہ تھما نہیں۔ تازہ فضائی حملے میں امریکہ کی حمایت یافتہ امدادی مرکز کے باہر جمع فلسطینی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 31 فلسطینی شہید اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے۔

اقوامِ متحدہ نے غزہ کو دنیا کا سب سے زیادہ بھوکا علاقہ قرار دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق، اسرائیل کی طرف سے امدادی قافلوں کی راہ میں دانستہ رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں اور انسانی بنیادوں پر قائم مراکز کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

غزہ کی وزارتِ صحت اور حکومتی میڈیا آفس کے مطابق، اب تک جاری اسرائیلی بمباری میں شہداء کی تعداد 61,700 سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ 54,381 شہادتوں کی سرکاری تصدیق ہو چکی ہے۔ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار سے بڑھ چکی ہے، اور ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔

ایک دل دہلا دینے والا واقعہ بھی سامنے آیا ہے جہاں اسرائیلی فضائی حملے میں زخمی ہونے والے فلسطینی ماہر ڈاکٹر حمدی النجار شہید ہو گئے۔ اس حملے میں ان کے 9 بچے پہلے ہی شہید ہو چکے تھے، جبکہ 11 سالہ بیٹا واحد بچ جانے والا فرد ہے۔ ان کی اہلیہ، معروف ماہرِ اطفال ڈاکٹر علا النجار، حملے کے وقت کام پر تھیں اور اسی وجہ سے بچ گئیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے عرب ملکوں کے وزرائے خارجہ کو روکنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل بھی کئی بین الاقوامی وفود کو فلسطین آمد سے روکا جا چکا ہے، جبکہ غزہ پر اسرائیلی بمباری گزشتہ آٹھ ماہ سے مسلسل جاری ہے، جس میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter