ایران پر اسرائیل کا فضائی حملہ، 6 ہوائی اڈے نشانہ، 15 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسرائیلی فضائی حملوں میں ایران کے 6 ہوائی اڈوں پر حملہ، 15 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ، ایران کا بھرپور جوابی حملہ، کئی شہروں میں سائرن بجنے لگے، ڈرون مار گرایا گیا، پاسدارانِ انقلاب کے 10 اہلکار شہید۔

مقبوضہ بیت المقدس اور تہران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نے انتہائی سنگین رخ اختیار کر لیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے مغربی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں واقع چھ مختلف ہوائی اڈوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا، اور ان حملوں میں ایران کے 15 طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ کر دیے گئے ہیں۔

latest urdu news

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملے جدید ریموٹ کنٹرول طیاروں کے ذریعے کیے گئے، جن میں زیرِ زمین بنکرز، رن وے، ایک ایندھن بردار جہاز اور ایرانی حکومت کے زیرِ استعمال ایف-14، ایف-5 اور اے ایچ-ون طیارے تباہ ہوئے۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے ایران کی فضائی طاقت کو بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

جوابی کارروائی میں ایران نے اسرائیل کی جانب متعدد بیلسٹک اور کروز میزائل داغے، جس کے بعد اسرائیل کے کئی شہروں جیسے نہاریا، حیفا، گشر حزیو، میعونا اور میعیلیا میں سائرن بجنے لگے۔ اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ کچھ میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے روکا، جبکہ ایک میزائل ہدف سے ٹکرا گیا، جس کی بعد میں ایرانی ساخت ہونے کی تصدیق کی گئی۔

ایرانی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ صوبہ لورستان کے شہر خرم‌آباد میں پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کا ایک جدید ہرمس 900 ڈرون مار گرایا ہے، جس کی فوٹیج ایرانی ٹی وی چینلز پر نشر بھی کی گئی ہے۔ اسی دوران یزد میں ہونے والے ایک اسرائیلی حملے میں پاسدارانِ انقلاب کے 10 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔

ادھر اسرائیلی فوج نے تہران کے جنوب مشرق میں واقع حساس فوجی کمپلیکس پارچین پر بھی حملہ کیا، جو ایران کے دفاعی اور میزائل پروگراموں کے حوالے سے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔ تہران کے مغرب میں واقع شہر کرج میں بھی فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے، جہاں یورینیم افزودگی کے آلات تیار کیے جاتے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اپنے ٹیلیگرام پیغام میں بتایا ہے کہ ان حملوں میں 20 کے قریب اسرائیلی لڑاکا طیارے شریک ہوئے، اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر مختلف عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ان حملوں کے دوران ایران کے مختلف علاقوں میں ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا، جبکہ مغربی تہران میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر براہِ راست حملے کیے تھے، جس کے بعد سے مشرق وسطیٰ میں صورتِ حال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان اس تازہ تصادم نے عالمی امن کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ عالمی طاقتیں ابھی تک اس تنازعے کو روکنے میں ناکام دکھائی دیتی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter