اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ بندی کے چند گھنٹوں بعد ایران نے میزائل حملہ کیا، دفاعی نظام نے حملہ ناکام بنا دیا؛ ایران نے الزام کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دے دیا۔
تل ابیب،اسرائیل نے ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیز فائر کے چند گھنٹے بعد ایران نے اسرائیل پر میزائل داغا، جسے اسرائیلی دفاعی نظام نے کامیابی سے مار گرایا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کے فوری بعد ملک بھر میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ میزائل حملہ جنگ بندی معاہدے کی واضح خلاف ورزی ہے، اور ایسے اقدامات سے علاقائی استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ وزیر دفاع اسرائیل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی خلاف ورزی کے بعد فوج کو ایران پر جوابی حملے کا حکم دے دیا گیا ہے، اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایران نے ان تمام الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران نے جنگ بندی پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا ہے اور اسرائیلی دعویٰ ایک جھوٹا پروپیگنڈا ہے جس کا مقصد سیز فائر کی فضا کو سبوتاژ کرنا ہے، تہران کا کہنا ہے کہ اسرائیل خود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو چکا ہے اور اب وہ الزام تراشی کے ذریعے بین الاقوامی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ منگل کی علی الصبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کی تصدیق دونوں ممالک کی قیادت نے کی تھی۔ جنگ بندی کے تحت پہلے ایران نے فوجی کارروائیاں روکیں، بعد ازاں اسرائیل نے بھی فضائی حدود کھول کر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم اب دونوں جانب سے ایک بار پھر الزامات اور تردیدوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔