ایران کے شہر یزد میں اسرائیل سے تعاون کے الزام میں 5 افراد گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایران میں اسرائیل سے مبینہ تعاون پر 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ کارروائی ایران و اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں عمل میں آئی۔

ایران کے وسطی شہر یزد میں 5 افراد کو اسرائیل کے ساتھ تعاون کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ افراد اہم مقامات کی تصاویر لے رہے تھے اور ان پر الزام ہے کہ وہ یہ مواد اسرائیل کو فراہم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد کی سرگرمیاں ملکی سلامتی کے خلاف تھیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

latest urdu news

یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں عمل میں آئی ہیں جب ایران اور اسرائیل کے درمیان تعلقات شدید کشیدگی اختیار کر چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے شروع کیے، جس کے جواب میں ایران نے 200 سے زائد بیلسٹک اور کروز میزائل داغ کر ’آپریشن وعدۂ صادق سوم‘ کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کی۔ ان میزائل حملوں کے نتیجے میں تل ابیب سمیت کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ درجنوں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی حملوں میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی، ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری اور میجر جنرل غلام علی راشد سمیت متعدد سینئر افسران شہید ہوئے، جبکہ جوہری سائنسدانوں کو نشانہ بنائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ایرانی خفیہ ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں موجود اسرائیلی نیٹ ورک کی سرگرمیوں کی نگرانی جاری ہے، اور حالیہ گرفتاریاں اسی تسلسل کا حصہ ہیں۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر قسم کی دراندازی کو سختی سے روکا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی اُس وقت شدت اختیار کر گئی جب اسرائیل نے ایران پر حملہ کر کے جنگ کا باقاعدہ آغاز کیا، جس کے بعد ایران نے تاریخ کی سب سے بڑی جوابی میزائل کارروائی کی۔ دونوں ممالک کے درمیان صورتحال اب بھی نازک ہے اور خطے میں ایک بڑی جنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter