امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق 28 فروری کو ایران کے ساتھ جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 140 امریکی فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے اہلکار مختلف کارروائیوں کے دوران متاثر ہوئے۔
دوسری جانب ایران کی ہلالِ احمر سوسائٹی کے سربراہ نے مختلف میڈیا اداروں کو بتایا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد سے ایران میں بڑے پیمانے پر شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق اب تک 19 ہزار سے زائد شہری یونٹس متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متاثر ہونے والے یونٹس میں 16 ہزار سے زیادہ رہائشی مکانات اور تین ہزار سے زائد تجارتی مراکز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 77 ادویات اور طبی سہولیات فراہم کرنے والے مراکز جبکہ 69 اسکولوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
ٹرمپ اور روبیو کے بیانات میں تضاد: ایران جنگ میں امریکی شرکت کے اسباب
ادھر ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے چھ مختلف زبانوں میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز خطے کے لیے امن اور خوشحالی کی علامت بن سکتی ہے، لیکن اگر جنگی جنون کو ہوا دی گئی تو یہی راستہ اس کے ذمہ داروں کے لیے شکست اور مشکلات کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
