ایران پر حملے کے دوران پاکستان کی حمایت نہیں بھول سکتے، ایرانی صدر

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایرانی صدر کا پاکستان کو خراجِ تحسین، اسرائیل کے خلاف حمایت کو "ناقابلِ فراموش” قرار دے دیا

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے کے دوران پاکستان نے جس طرح حمایت کی، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے تہران میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں پاک ایران تعلقات، دو طرفہ تعاون اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

latest urdu news

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو جنگ کے دوران ایرانی عوام کی مزاحمت اور دفاعی کامیابی پر مبارکباد دی، اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات اور احترام کا پیغام پہنچایا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی ہر سطح پر شدید مذمت کی اور ایرانی عوام کے عزم و حوصلے کو سراہا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران پاکستان کی سفارتی و اخلاقی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت مسلم دنیا میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، ایسے میں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد، اتفاق اور باہمی ہم آہنگی پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکی ہے۔

محسن نقوی کا ایران کا دورہ، عباس عراقچی نے پاک ایران تعلقات کیلئے خوش آئند قرار دیا

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان معاشی، تجارتی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے، اور دونوں ممالک کی قیادت کو چاہیے کہ باہمی روابط کے فروغ کے لیے قریبی مشاورت کا عمل جاری رکھیں۔

یاد رہے کہ اسرائیل کے حالیہ حملے میں ایرانی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر ایران نے نہ صرف بھرپور جوابی کارروائی کی بلکہ اقوامِ متحدہ سمیت عالمی پلیٹ فارمز پر مؤثر انداز میں اپنا مؤقف پیش کیا۔ اس دوران پاکستان نے بھی کھل کر ایرانی موقف کی حمایت کی، جسے اب ایرانی قیادت کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter