اتوار, 15 جون , 2025

150 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، دشمن نتائج بھگتنے کے مرحلے میں ہے، ایران

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایرانی کمانڈر جنرل احمد واحدی کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر ایرانی جوابی حملے میں تل ابیب کے اہم فوجی اور صنعتی مراکز نشانہ بنائے گئے، دشمن اب اپنی سنگین غلطی کے نتائج بھگت رہا ہے۔

تہران، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ کمانڈر جنرل احمد واحدی نے اسرائیل کے خلاف حالیہ ایرانی جوابی کارروائی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب کے حساس فوجی، صنعتی اور وزارتِ دفاع کے مراکز کو براہ راست نشانہ بنایا گیا۔

latest urdu news

ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل واحدی نے بتایا کہ نواتیم، اودا اور تل نوف کے فضائی اڈے اس آپریشن کے بنیادی اہداف تھے کیونکہ انہی مراکز سے ایران پر اسرائیلی حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائی کی گئی تھی۔ ان کے مطابق ایران نے مجموعی طور پر 150 سے زائد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ دشمن اس خوش فہمی میں تھا کہ ایران خاموشی اختیار کرے گا، لیکن اسلامی جمہوریہ ایران نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ نہ صرف دفاعی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ مؤثر جوابی کارروائی کی مکمل طاقت بھی رکھتا ہے۔

جنرل احمد واحدی نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے اپنی جارحانہ روش ترک نہ کی تو ایسے حملے آئندہ بھی دہرائے جا سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کا مؤقف

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے بھی اسرائیل کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی بلااشتعال حملے کا سخت اور فوری جواب دے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کو مشرقِ وسطیٰ میں مزید خونریزی سے روکا جائے۔

پس منظر

یاد رہے کہ گزشتہ دن اسرائیل نے ایران کے ملٹری مراکز پر حملے کیے تھے، جن میں ایرانی آرمی چیف سمیت متعدد اعلیٰ افسران شہید ہوئے تھے۔ ایران کی جوابی کارروائی کو اسی جارحیت کا سخت جواب تصور کیا جا رہا ہے، جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی خطرناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter