یورینیم افزودگی روکنے کی شرط پر ایران، امریکہ سے مذاکرات نہیں کرے گا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

ایران کا امریکا کو دو ٹوک پیغام: اگر شرط یورینیم افزودگی کا خاتمہ ہے تو مذاکرات ممکن نہیں

تہران، ایران نے امریکا کو واضح پیغام دیا ہے کہ اگر جوہری مذاکرات کو یورینیم افزودگی کے خاتمے سے مشروط کیا گیا تو تہران ایسے کسی مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنے گا۔ ایرانی رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر برائے خارجہ امور، علی ولایتی نے ایرانی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام اس کی خودمختاری سے جڑا ہوا ہے، اور اگر مذاکرات کا مقصد افزودگی کو روکنا ہے تو یہ عمل سراسر ناقابلِ قبول ہوگا۔

latest urdu news

یہ دو ٹوک مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود مذاکرات کی بحالی کی امیدیں پیدا ہو رہی تھیں۔ ایران نے تاہم پرامن مقاصد کے لیے یورینیم افزودگی کے حق سے دستبردار ہونے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی اس موقف کی تائید کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے لیے نہ کوئی تاریخ طے ہوئی ہے، اور نہ ہی مقام یا وقت کا تعین کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سنجیدہ انداز میں سفارت کاری چاہتا ہے، لیکن اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں اور امریکا کی حمایت کے باعث اعتماد کا ماحول متاثر ہوا ہے۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے اعلیٰ نمائندوں، عباس عراقچی اور اسٹیو وٹکوف کے درمیان اب تک پانچ دورِ مذاکرات ہو چکے ہیں، جو عمان کی ثالثی میں جاری تھے۔ تاہم 13 جون کو اسرائیل کے اچانک حملے کے بعد بات چیت کا سلسلہ معطل ہو گیا تھا، جس کے بعد امریکا نے بھی اسرائیل کی حمایت میں محدود فضائی کارروائیاں کیں۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیاں نے اپنے ایک علیحدہ بیان میں کہا ہے کہ ایران پرامن حل کا حامی ہے اور سفارت کاری کے دروازے ابھی بند نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی راہ موجود ہے، بشرطیکہ فریقین سنجیدگی اور خلوصِ نیت کے ساتھ عمل کریں۔

یاد رہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عالمی سطح پر متعدد بار تناؤ پیدا ہو چکا ہے، جبکہ امریکا اور اسرائیل اسے ایک سیکیورٹی خطرہ قرار دیتے آئے ہیں۔ ایران مسلسل اس موقف پر قائم ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن مقاصد کے لیے ہے اور وہ اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter