نریندر مودی نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطے میں خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر زور دیا، صورتحال پر تشویش کا اظہار۔
لاہور – ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔ مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے انہیں ٹیلیفون کیا اور تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
نریندر مودی کے مطابق، انہوں نے اس گفتگو کے دوران خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر اپنے خدشات کا اظہار کیا اور زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کو جلد از جلد بحال کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیشہ سے پرامن بقائے باہمی اور سفارتی حل کا حامی رہا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کی ایک نئی لہر اٹھ چکی ہے، جس پر عالمی سطح پر مختلف ممالک نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ بھارت کا اس موقع پر اسرائیل سے رابطہ اور امن کی بحالی پر زور دینا، اس کے سفارتی توازن کو ظاہر کرتا ہے۔