تہران: ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شہری کو پھانسی دے دی۔ ایرانی عدلیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی میزان کے مطابق، سپریم کورٹ کی جانب سے سزائے موت برقرار رکھنے کے بعد پدرم مدنی نامی شخص کو بدھ کے روز سزائے موت دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مدنی پر الزام تھا کہ اس نے اسرائیل کا دورہ کیا اور وہاں موساد کے افسران سے ملاقات کی۔ وہ مبینہ طور پر ایران میں ایسی عمارتوں سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کر رہا تھا جن میں حساس بنیادی ڈھانچے (انفراسٹرکچر) سے متعلق سامان نصب تھا۔ تاہم ان مقامات کی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی۔
عدالتی بیان کے مطابق، مدنی نے ان معلومات کے عوض غیر ملکی کرنسی اور کرپٹو کرنسی میں ادائیگیاں حاصل کیں۔ مزید یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے بیلجیم میں اسرائیلی سفارت خانے میں موساد کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔
دوسری جانب اسرائیلی خفیہ ادارے یا سیکیورٹی حکام کی جانب سے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔