ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحمان موسوی نے 12 روزہ ایران-اسرائیل جنگ کے دوران حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا
تہران: ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحمان موسوی نے اسرائیل کے ساتھ ہونے والی 12 روزہ جنگ میں ایران کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی افواج کے سربراہ نے چیف آف آرمی اسٹاف پاکستان، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دورانِ گفتگو انہوں نے جنگ کے نازک اور فیصلہ کن مرحلے میں ایران کی حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے جذبے کو سراہا۔
میجر جنرل عبدالرحمان موسوی کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان کا سفارتی مؤقف اور اخلاقی حمایت ایران کے لیے نہایت تقویت کا باعث بنی۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری و تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے 13 جون کو ایران پر حملوں کا آغاز کیا تھا۔ ابتدائی فضائی حملوں میں ایرانی فوج، پاسدارانِ انقلاب اور جوہری سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد امریکا نے بھی فردو، اصفہان اور نطنز میں ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کیے۔
جوابی کارروائی میں ایران نے اسرائیل کی اہم تنصیبات پر میزائل حملے کیے، جن سے خطے میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی۔ اس تنازع کو بعد ازاں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی قوتوں کی مداخلت سے وقتی طور پر روک دیا گیا۔
یاد رہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان جغرافیائی قربت کے ساتھ ساتھ تہذیبی، مذہبی اور سیکیورٹی سطح پر قریبی تعلقات قائم ہیں۔ حالیہ جنگی صورتحال میں ایران کی جانب سے پاکستان کے مؤقف کو سراہنا اس خطے میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔