پولیس نے خواتین کی نازیبا ویڈیو ریکارڈ کرنے والے بھارتی پائلٹ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم کے قبضے سے خفیہ کیمرہ بھی برآمد ہوا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق، گرفتار پائلٹ کی شناخت 31 سالہ موہت پریہ درشی کے طور پر ہوئی ہے جو اتر پردیش کے شہر آگرہ کا رہائشی ہے۔
کشن گڑھ پولیس اسٹیشن کے اہلکاروں نے 30 اگست کو ایک خاتون کی شکایت پر موہت کو گرفتار کیا، جس نے بتایا کہ رات تقریباً 10:20 بجے شانی بازار میں ایک شخص خفیہ کیمرے سے ان کی ویڈیو بنا رہا تھا۔ پولیس نے دفعہ 77/78 BNS کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں آس پاس کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا گیا اور مقامی مخبروں کی مدد سے انٹیلی جنس اکٹھا کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ پوچھ گچھ کے دوران موہت پریہ درشی نے خواتین کی نازیبا ویڈیوز ریکارڈ کرنے کا اعتراف بھی کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک نجی ایئر لائن میں بطور پائلٹ خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔