بھارتی جنرل کا طیارے گرائے جانے کا اعتراف، مودی سرکار پر صحافیوں کی شدید تنقید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیارے گرائے جانے کا اعتراف کر لیا، صحافیوں نے مودی حکومت پر حقائق چھپانے اور میڈیا کی ناکامی پر شدید تنقید کی۔

latest urdu news

نئی دہلی – بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کے حالیہ اعتراف نے بھارت میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان کے ساتھ جھڑپوں کے دوران بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔ اس انکشاف کے بعد مودی سرکار اور بھارتی فوج کو ملک کے اندر ہی سخت تنقید کا سامنا ہے، جب کہ صحافیوں نے بھارتی میڈیا کی خاموشی اور ناکامی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔

معروف بھارتی صحافی پنکج پچوری نے طنزیہ لہجے میں کہا کہ ایک سنگاپوری بزنس نیوز چینل نے بھارتی طیارے گرائے جانے کی خبر دے کر بھارتی میڈیا کی "اہلیت” پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک میں موجود سینکڑوں نیوز چینلز اور پرنٹ میڈیا کے باوجود بھارتی میڈیا لڑاکا طیارے گرنے جیسے بڑے واقعے کی تصدیق میں مکمل ناکام رہا۔

ادھر راجیہ سبھا کی رکن اور متعدد کتابوں کی مصنفہ ساگاریکا گھوش نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سچ ہے تو پھر بھارتی شہریوں کو یہ حقیقت پہلے کیوں نہیں بتائی گئی؟ انہوں نے پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں سے حقائق چھپانے پر مودی حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے یہ پہلا موقع ہے جب اعلیٰ سطح پر اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ حالیہ جھڑپوں کے دوران بھارتی فضائیہ کو نقصان اٹھانا پڑا۔

امریکی جریدے ’بلوم برگ‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جنرل انیل چوہان نے پاکستان کے ہاتھوں چھ بھارتی طیارے گرائے جانے سے متعلق سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ طیارے گرے، اور اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ وہ کیوں گرے۔

یاد رہے کہ 2019 میں پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان فضائی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا، اور اسی دوران پاکستان کی فضائی کارروائیوں میں بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے دعوے سامنے آئے تھے، جنہیں اُس وقت بھارتی حکومت اور میڈیا نے جھٹلایا تھا۔ اب اعلیٰ فوجی سطح سے ان دعوؤں کی تصدیق نے بھارتی بیانیے کو بری طرح جھنجھوڑ دیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter