بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں مسافر ٹرین اور کارگو ٹرین کے تصادم سے 11 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔ حادثہ شہر بلاسپور کے بلاس پور گٹورا سیکشن کے درمیان پیش آیا جہاں ایک مسافر ٹرین پٹری پر کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے وقت کارگو ٹرین رکی ہوئی تھی جب کہ پیچھے سے آنے والی مسافر ٹرین تیز رفتاری کے باعث اس سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں مسافر ٹرین کی اگلی بوگیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
چھتیس گڑھ کے نائب وزیر اعلیٰ ارون ساؤ نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
ریلوے حکام نے حادثے کے بعد اس روٹ پر متعدد مسافر اور ایکسپریس ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی اور تباہ شدہ ٹرین کو کرین کی مدد سے ہٹا کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
