نئی دہلی، بھارت نے روسی ساختہ جدید ترین فضائی دفاعی نظام ایس-400 کے لیے اضافی میزائلوں کی درخواست دے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت نے روسی حکام کو مزید میزائل فراہم کرنے کا آرڈر دے دیا ہے جو جلد ہی بھارت کے حوالے کر دیے جائیں گے، دکن ہیرالڈ نے سپوتنک انڈیا کے حوالے سے بتایا کہ اس سودے کی مکمل تفصیلات فی الحال منظرعام پر نہیں لائی گئیں۔
یاد رہے کہ ایس-400 کو دنیا کے بہترین میزائل دفاعی نظاموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ تاہم حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے ایس-400 کی بعض بیٹریوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
اگرچہ بھارت نے اس دعوے کی تردید کی ہے، تاہم بین الاقوامی سطح پر انٹیلی جنس حلقے اس معاملے کی باریکی سے نگرانی کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ پاکستان نے آخر کس طریقے سے ایس-400 کو متاثر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
دوسری جانب حریت رہنما یاسین ملک کی زوجہ مشعال ملک نے پمز اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔
مشعال ملک نے اسپتال میں زیر علاج کشمیریوں سے ملاقات کے دوران ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ زخمیوں کے عزم و ہمت کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کا کردار دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔