بھارت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ فعال کر دیا ہے، جو اگست 2021 میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد بند کر دیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کابل میں اپنے مشن کے سربراہ کو چارج ڈی افیئرز مقرر کرے گا اور بعد میں سفیر بھی تعینات کرے گا، جبکہ طالبان حکومت نومبر تک اپنے دو سفارتکار نئی دہلی بھیجے گی۔
بھارتی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتخانہ افغانستان کی جامع ترقی، انسانی ہمدردی کی امداد، اور استعداد کار بڑھانے کے منصوبوں میں بھارت کے کردار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا، تاکہ یہ افغان معاشرے کی ترجیحات اور امنگوں کے مطابق ہو۔
یہ بحالی بھارتی وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر اور افغان طالبان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے حالیہ مذاکرات کے بعد سامنے آئی، جو طالبان رہنما کا بھارت کا پہلا دورہ تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارت نے اب تک طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا، تاہم سفارتخانے کی بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں نرمی کے اشارے مل رہے ہیں۔