منگل, 3 جون , 2025

بھارت: شدید مون سون بارشوں سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، 30 افراد ہلاک

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت کے شمال مشرقی علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے، فوج نے ریسکیو آپریشن کے دوران سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

latest urdu news

نئی دہلی، بھارت کے شمال مشرقی علاقوں میں گزشتہ دو روز سے جاری شدید مون سون بارشوں نے تباہی مچا دی، مختلف ریاستوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کم از کم 30 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں اروناچل پردیش میں ہوئیں جہاں 9 افراد لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گئے، آسام میں 8، میزورم میں 5، میگھالیہ میں 6، جبکہ ناگالینڈ اور تریپورہ میں 2، 2 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

شدید بارشوں کے نتیجے میں برہم پتر اور دیگر دریا خطرناک حد تک اُبل پڑے، جس کے بعد کئی علاقوں میں پانی بستیوں میں داخل ہو گیا، متاثرہ علاقوں میں نقل و حرکت معطل ہو گئی، گھروں کو نقصان پہنچا اور بنیادی انفراسٹرکچر متاثر ہوا۔ بعض مقامات پر مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے۔

فوج اور دیگر امدادی اداروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ منی پور میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، متاثرہ علاقوں میں خوراک، پانی اور ابتدائی طبی امداد کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

ریاستی حکام نے حالات کی سنگینی کے پیش نظر آسام، اروناچل پردیش، میگھالیہ اور میزورم کے کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 48 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کے شمال مشرقی علاقے ہر سال مون سون کے دوران شدید بارشوں اور قدرتی آفات کا سامنا کرتے ہیں، لیکن اس سال کی بارشیں معمول سے کہیں زیادہ شدید ثابت ہوئی ہیں، جس کے باعث ہزاروں افراد متاثر اور بے گھر ہو چکے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter