بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں شادی کی تقریب کے دوران دلہے پر چاقو سے حملہ کر دیا گیا، جس کے بعد تقریب میں شدید افراتفری مچ گئی۔ حملے کی پوری ویڈیو شادی میں استعمال ہونے والے ڈرون کیمرا میں ریکارڈ ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ امراوتی کے ایک شادی ہال میں پیش آیا جہاں دلہا دلہن اپنے قریبی رشتے داروں کے ساتھ اسٹیج پر ڈانس کر رہے تھے۔ اس دوران دلہے نے کچھ افراد کو پیچھے ہٹنے کے لیے دھکا دیا، جس پر جتیندر بخشی نامی شخص نے غصے میں آکر دلہے پر چاقو سے کئی وار کر دیے۔
حملے کے نتیجے میں دلہا سجل رام سمدرا زخمی ہو گیا، جبکہ ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان نے فرار سے قبل دلہے کے والد پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ واقعے کی ویڈیو شادی کی ریکارڈنگ کے لیے استعمال ہونے والے ڈرون کیمرا میں محفوظ ہو گئی۔ ویڈیو گرافر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرون کے ذریعے ملزمان کے فرار ہونے کے مناظر بھی دو کلومیٹر تک ریکارڈ کر لیے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
