بھارت کی وزارتِ خارجہ نے ایران میں مقیم اپنے شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ امریکی حملے کے خدشات کے پیش نظر یہ سفری انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
تہران میں بھارتی سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں بدلتی ہوئی صورتحال کے باعث تمام بھارتی شہری دستیاب ذرائع، بشمول کمرشل پروازوں، کے ذریعے جلد از جلد ایران سے روانہ ہو جائیں۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے اندازے کے مطابق ایران میں عام طور پر تقریباً 10 ہزار بھارتی شہری مقیم ہوتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی حالات کے تناظر میں شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، احتجاج یا مظاہروں کے مقامات سے دور رہیں، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور بھارتی سفارتخانے سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
ایران نے امریکا کو تیل کی صنعت میں سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی
یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کے روز اسرائیل کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ مودی کا دورہ مبینہ طور پر انتہاپسند دشمنوں کے خلاف ایک نئے اتحاد کی تشکیل میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مختلف ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کی جا رہی ہیں، جس سے علاقائی صورتحال کی نزاکت واضح ہوتی ہے۔
