کیلیفورنیا میں پاکستان کے سابق وزیرِاعظم عمران خان کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان خان نے امریکی سینیٹر اور سابق سفارتکار رچرڈ گرینل سے ملاقات کی، جسے سوشل میڈیا پر خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
رچرڈ گرینل نے اس ملاقات کی ایک تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (جو پہلے ٹوئٹر کہلاتی تھی) پر شیئر کی اور لکھا کہ: "کیلیفورنیا میں خوش آمدید، میرے دوستو۔ آج آپ دونوں کے ساتھ وقت گزارنا میرے لیے باعثِ مسرت رہا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ: "سلیمان اور قاسم، آپ کو مضبوط رہنا ہوگا کیونکہ دنیا بھر میں لاکھوں افراد ایسے ہیں جو سیاسی مقدمات سے پریشان ہیں۔ آپ تنہا نہیں ہیں۔”
رچرڈ گرینل، جو امریکا میں قائم مقام ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس اور اقوامِ متحدہ میں سابق سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، ماضی میں بھی عمران خان کی سیاسی حمایت کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کی گرفتاری پر آواز بلند کی اور بارہا یہ مؤقف اپنایا کہ ان کے خلاف مقدمات دراصل سیاسی انتقام کی شکل ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ایک آزاد عدلیہ، شفاف قانونی نظام اور سیاسی انتقام سے پاک ماحول ناگزیر ہے۔
گرینل نے بین الاقوامی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں انسانی حقوق، اظہارِ رائے کی آزادی اور سیاسی عمل کی نگرانی کرے تاکہ جمہوری اقدار محفوظ رہیں۔
قاسم اور سلیمان خان کی یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب عمران خان کو متعدد قانونی چیلنجز کا سامنا ہے، اور ان کے اہلِ خانہ بین الاقوامی سطح پر حمایت کے حصول کی کوششیں کر رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ ملاقات علامتی اہمیت سے بڑھ کر عالمی دباؤ کو متحرک کرنے کی ایک کوشش بھی ہو سکتی ہے۔