بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بلرام پور میں ایک سرکاری اسکول کے انگریزی کے استاد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں وہ "Eleven” یعنی گیارہ کی درست اسپیلنگ لکھنے میں ناکام رہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب مذکورہ استاد سے بلیک بورڈ پر "Eleven” لکھنے کو کہا گیا تو انہوں نے اسپیلنگ Aivene لکھی، جبکہ "Nineteen” (انیس) کی جگہ Ninithin لکھا۔ جب ان سے اس غلطی کی نشاندہی کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ "ہم یہی بچوں کو پڑھاتے ہیں”۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور صارفین نے سخت ردِعمل ظاہر کیا۔ کئی لوگوں نے بھارت کے تعلیمی نظام اور سرکاری بھرتیوں پر سوالات اٹھا دیے۔
ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا، "یہ تو بکنگ (کوٹہ سسٹم) کا کمال ہے بھائی”، جبکہ دوسرے نے لکھا، "ایسا لگتا ہے کہ استاد کی تقرری سفارش یا ذات پات کے کوٹے کی بنیاد پر ہوئی ہے۔” ایک اور تبصرے میں کہا گیا، "سفارشی بھرتیوں نے تعلیمی نظام کو برباد کر دیا ہے۔”
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مقامی حکام نے بھی نوٹس لیا ہے، تاہم تاحال کوئی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا۔