بھارت کی ریاست راجستھان میں گوگل میپ پر انحصار ایک خاندان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا، جب مذہبی سفر سے واپسی پر ان کی وین دریا میں جا گری، حادثے میں دو خواتین اور دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب وین کا ڈرائیور گوگل میپ کی رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے گاڑی کو ایک بند پل سومی اپریڈا پل — کی جانب لے گیا، جو کئی ماہ سے ٹریفک کے لیے بند تھا۔
پولیس کے مطابق پل پر پہنچتے ہی وین پھنس گئی اور پھر دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔ وین میں 9 افراد سوار تھے، جن میں سے 5 افراد کو ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچا لیا۔
پولیس نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں، جبکہ ایک بچے کی تلاش تاحال جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن مقامی حکام کی نگرانی میں جاری ہے۔
حادثے کے بعد سوشل میڈیا اور مقامی حلقوں میں گوگل میپ جیسے نیویگیشن سسٹمز پر اندھے اعتماد پر بھی بحث چھڑ گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی مدد ضرور فراہم کرتی ہے، لیکن زمینی حقائق کا ادراک اور احتیاط بھی ضروری ہے۔