بھارتی ریاست پنجاب میں پولیس نے بیرونِ ملک مقیم بدنام زمانہ گینگسٹر گولڈی برار کے والدین کو بھتہ خوری کے ایک مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ریاست میں گینگسٹرز اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جاری وسیع تر کریک ڈاؤن کا حصہ قرار دی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گولڈی برار کے والد شمشیر سنگھ اور والدہ پریت پال کور کو پیر کے روز ضلع مکسر کے آدیش نگر علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان 2024 میں درج ہونے والے ایک بھتہ خوری کیس میں نامزد تھے، جو مکسر کے ایک مقامی شہری کی شکایت پر درج کیا گیا تھا۔ اگرچہ یہ جوڑا اس وقت مکسر میں مقیم تھا، تاہم ان کا آبائی تعلق ضلع فریدکوٹ سے بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گینگسٹر نیٹ ورک کے ذریعے بیرونِ ملک سے دھمکی آمیز کالز اور پیغامات کے ذریعے بھتہ طلب کیا جاتا رہا، جس میں مبینہ طور پر ملزمان کا کردار سہولت کاری تک محدود نہیں تھا بلکہ مالی معاملات میں بھی شواہد سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے گرفتار افراد سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ گینگ کے دیگر مقامی روابط اور مالی چینلز کا سراغ لگایا جا سکے۔
بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی صرف ایک مقدمے تک محدود نہیں بلکہ ریاست میں گینگسٹر کلچر کے خاتمے کے لیے جاری حکمت عملی کا حصہ ہے۔ پولیس کے مطابق اب تک بیرونِ ملک مقیم تقریباً 60 گینگسٹرز کے نیٹ ورک سے منسلک 1200 کے قریب ساتھیوں اور 600 اہلِ خانہ یا قریبی افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جن کے خلاف مختلف قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔
دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ، گولڈی برار گینگ کی دھمکی
واضح رہے کہ ستیندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار 2022 میں معروف پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی ملزمان میں شامل رہا ہے اور اس قتل کی ذمہ داری بھی قبول کر چکا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گولڈی برار اس وقت امریکا میں موجود ہے۔ وہ 2017 میں اسٹڈی ویزا پر کینیڈا گیا تھا اور بعد ازاں جرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہو گیا۔
بھارتی حکومت نے 2024 میں گولڈی برار کو غیر قانونی سرگرمیوں، سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد اسمگل کرنے، قتل کی وارداتوں اور منظم جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت دہشتگرد قرار دیا تھا۔ حکام کے مطابق اس کے نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
