جنوبی غزہ میں فلسطینیوں کے حملے میں 7 اسرائیلی فوجی ہلاک، خان یونس میں گاڑی دھماکے سے تباہ، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے مزید 86 فلسطینی شہید، عالمی سطح پر احتجاج۔
غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی مزاحمت جاری ہے۔ جنوبی غزہ کی پٹی میں فلسطینی مجاہدین نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ رائٹرز کے مطابق، اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ یہ ہلاکتیں منگل کو خان یونس شہر میں اس وقت ہوئیں جب اسرائیلی فوجیوں کی گاڑی کے نیچے نصب دھماکا خیز مواد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اسی علاقے میں ایک اور اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے۔
اسرائیلی میڈیا اور فوج کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جون کے آغاز سے اب تک 19 اسرائیلی فوجی غزہ میں مارے جا چکے ہیں۔ تاہم ترک نشریاتی ادارے انادولو نے اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احارونوت‘ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ جنگ کے آغاز (اکتوبر 2023) سے اب تک 10 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں اہلکار ذہنی صدمے اور ڈپریشن میں مبتلا ہیں۔ سرکاری طور پر اسرائیلی فوج نے 861 فوجیوں کی ہلاکت اور 5 ہزار 921 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اصل اعداد و شمار کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں، جو اسرائیلی فوجی نظام کی گرتی ہوئی حالت کو ظاہر کرتے ہیں۔
ادھر اسرائیلی افواج نے اپنی وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے گزشتہ روز مزید 86 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، جن میں سے 27 افراد کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ رفح میں خوراک کی تلاش میں تھے۔
دوسری جانب، اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائی کا ایک اہم باب مکمل ہو چکا ہے، تاہم مکمل مہم ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج اب دوبارہ غزہ کی طرف متوجہ ہوگی تاکہ اسرائیلی یرغمالیوں کی واپسی ممکن بنائی جا سکے اور حماس کی حکمرانی کا خاتمہ کیا جا سکے۔
غزہ میں اسرائیل کی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی فلسطین کے حامی گروہوں نے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر درج تھا: "اسرائیل قوم نہیں، وحشی دہشت گرد ہے” اور "بھوکا رکھنا جنگی جرم ہے”۔ مظاہرین نے غزہ میں جاری نسل کشی کو فوری طور پر بند کرنے، جنگ بندی کے نفاذ اور بھارتی حکومت سے اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اپنانے کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک 37 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی افواج کی طرف سے ہسپتالوں، اسکولوں اور کیمپوں پر حملے عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنے ہیں، تاہم اب تک اسرائیل پر کوئی مؤثر عالمی دباؤ دیکھنے میں نہیں آیا۔