غزہ میں اسرائیلی حملے میں الجزیرہ کے پانچ صحافی شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

غزہ کے الشفا ہسپتال کے قریب اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں الجزیرہ کے پانچ صحافی شہید ہو گئے، انس الشریف پر اسرائیلی فوج نے دہشت گرد ہونے کا الزام بھی عائد کیا۔

دوحہ، قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کے الشفا ہسپتال کے قریب اسرائیلی فوج کی جانب سے کیے گئے ایک ٹارگٹڈ حملے میں الجزیرہ کے 5صحافی شہید ہو گئے ہیں۔

latest urdu news

شہید ہونے والے صحافیوں میں نامہ نگار انس الشریف، محمد قرائیا اور کیمرہ مین ابراہیم ظہیر، محمد نوفل اور مومین علی شامل ہیں۔ یہ صحافی ہسپتال کے مرکزی دروازے پر صحافیوں کے لیے مخصوص خیمے میں موجود تھے جب حملہ کیا گیا۔

الجزیرہ نے اس حملے کو آزادی صحافت پر ایک سوچے سمجھے اور صریح حملے کے طور پر قرار دیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے فوری طور پر تصدیق کی کہ انس الشریف کو نشانہ بنایا گیا ہے اور الزام لگایا کہ وہ حماس کے دہشت گرد سیل کے سربراہ تھے۔

الجزیرہ کے منیجنگ ایڈیٹر محمد معوض نے بی بی سی کو بتایا کہ انس الشریف ایک معتبر اور معروف صحافی تھے جو غزہ کی پٹی میں دنیا کے لیے واحد آواز تھے، اور وہ فرنٹ لائن سے رپورٹنگ نہیں کر رہے تھے بلکہ ایک محفوظ جگہ پر موجود تھے۔

اسرائیلی فوج نے غزہ میں جنگ کے دوران بین الاقوامی صحافیوں کو آزادانہ رپورٹنگ کی اجازت نہیں دی، جس کی وجہ سے زیادہ تر میڈیا ادارے مقامی رپورٹرز پر انحصار کرتے ہیں۔

محمد معوض نے کہا کہ اسرائیلی حکومت غزہ میں رپورٹنگ کرنے والے تمام چینلز کی کوریج کو روکنا چاہتی ہے، اور انس الشریف کی شہادت اس کی ایک مثال ہے۔ انس الشریف نے اپنی شہادت سے چند لمحے قبل شدید بمباری کی خبر ایکس پلیٹ فارم پر شیئر کی تھی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ، الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک اور صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی نے گزشتہ ماہ انس الشریف کے تحفظ کا مطالبہ کیا تھا۔ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 186 صحافی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

مزید برآں، غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں عالمی شہرت یافتہ فلسطینی فٹبالر سلیمان عبید سمیت 662 فلسطینی کھلاڑی اور کھیلوں کے عہدیدار بھی شہید ہو چکے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter