غزہ میں بھوک بدترین سطح پر، اسرائیلی بمباری میں 45 فلسطینی شہید

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بھوک کا بحران خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے، جبکہ اسرائیلی بمباری میں 45 فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (WFP) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بھوک اور غذائی قلت اپنی بدترین سطح پر پہنچ چکی ہے، ادارے کے مطابق غزہ میں ہر تین میں سے ایک شخص بغیر کچھ کھائے دن گزارنے پر مجبور ہے، جبکہ لاکھوں افراد روزانہ بھوک اور قحط کا سامنا کر رہے ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام نے اس بحران کو "غیر معمولی انسانی المیہ” قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔

latest urdu news

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ پر تازہ فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں مزید 45 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ شہداء میں 11 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو امدادی سامان کے انتظار میں کھلے میدان میں موجود تھے۔ اسرائیلی افواج کی بمباری نے نہ صرف رہائشی علاقوں بلکہ امدادی قافلوں کو بھی نشانہ بنایا، جس پر عالمی ادارے شدید تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری، 105 فلسطینی شہید، 6 لاکھ افراد کی جبری منتقلی کا منصوبہ

مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق بمباری کے متاثرین میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ درجنوں افراد زخمی حالت میں مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ اسپتالوں میں بھی طبی سہولیات اور ادویات کی شدید قلت ہے، جس سے اموات کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے۔

یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد بے گھر ہو کر شدید انسانی بحران سے دوچار ہیں۔ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے بارہا جنگ بندی کی اپیل کر چکے ہیں، مگر زمینی صورتحال مزید بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter