غزہ کے لیے امداد لے جانے والے جہاز "حنظلہ” سے رابطہ منقطع، ڈرون حملے کا خدشہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے بحری جہاز "حنظلہ” سے اچانک مواصلاتی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جس کے بعد اسرائیلی ڈرونز کی موجودگی نے حملے یا زبردستی روکنے کے خدشات کو جنم دیا ہے۔

امدادی مشن پر روانہ ہونے والا یہ جہاز فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے زیر اہتمام غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہا تھا تاکہ فلسطینیوں تک براہ راست امداد پہنچائی جا سکے۔

latest urdu news

فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "حنظلہ” کسی بھی قسم کے مواصلاتی رابطے میں نہیں رہا، اور اس کے اردگرد کئی ڈرونز کی موجودگی دیکھی گئی ہے، جس سے اندیشہ ہے کہ جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہو یا زبردستی روکا گیا ہو۔ تنظیم نے عالمی برادری، میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری طور پر آواز بلند کریں اور اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ جہاز اور اس کے عملے کو محفوظ راستہ فراہم کیا جا سکے۔

تاحال اس حوالے سے کسی قسم کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ جہاز کہاں ہے، اس پر سوار عملہ کس حالت میں ہے، یا کوئی کارروائی کی گئی ہے یا نہیں۔ امدادی تنظیم کے مطابق، جہاز سے رابطے کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ فریڈم فلوٹیلا کے امدادی مشن کو نشانہ بنایا گیا ہو۔ اس سے قبل 2 مئی کو ایک جہاز مالٹا کے قریب ڈرون حملے کا شکار ہوا، جس سے آگ لگ گئی تھی۔ 9 جون کو اسرائیلی نیوی نے "میڈلین” نامی کشتی کو بین الاقوامی پانیوں میں روک کر اس پر سوار 12 افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔

فریڈم فلوٹیلا کولیشن ایک بین الاقوامی اتحاد ہے جو دنیا بھر کی مختلف تنظیموں پر مشتمل ہے۔ اس کا مقصد غزہ کی طویل عرصے سے جاری ناکہ بندی کو ختم کرنا اور محصور فلسطینی عوام تک انسانی امداد پہنچانا ہے۔ اتحاد کی سرگرمیاں مکمل طور پر پُرامن اور غیر مسلح بنیادوں پر جاری رکھی جا رہی ہیں، تاہم انہیں بار بار خطرات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس بار "حنظلہ” کے ساتھ کیا ہوا، یہ جاننا اب عالمی برادری اور میڈیا کی توجہ کا منتظر ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter