واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میکرون کو معلوم ہی نہیں کہ میں واشنگٹن کیوں جا رہا ہوں۔ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں ٹرمپ نے وضاحت کی کہ فرانسیسی صدر نے غلطی سے یہ کہا کہ وہ ایران-اسرائیل جنگ بندی پر کام کرنے کے لیے امریکہ واپس جا رہے ہیں، حالانکہ جی 7 اجلاس چھوڑ کر ان کی واپسی کی وجہ اس سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "میکرون ہمیشہ شہرت کے پیچھے بھاگتے ہیں اور اکثر معاملات کو غلط سمجھتے ہیں۔” واضح رہے کہ فرانسیسی صدر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹرمپ نے جی 7 رہنماؤں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ ایران-اسرائیل سیزفائر کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ میکرون کے مطابق اگر جنگ بندی طے پا جاتی ہے تو یورپی ممالک ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں شرکت کے لیے تیار ہوں گے۔
میکرون کا یہ بھی کہنا تھا کہ "امریکیوں نے ایرانیوں سے ملاقات کی پیش کش کی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔”
جی 7 کا اسرائیل کی حمایت، ایران پر تنقید
دوسری جانب جی 7 ممالک نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کی حمایت اور ایران پر تنقید کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ "ایران خطے میں عدم استحکام کا سبب بن رہا ہے اور ہمیں مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سخت تشویش ہے۔”
بیان میں مزید کہا گیا کہ "ہمارا مؤقف واضح ہے: ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اسرائیل کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور ہم اسرائیل کی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔”
جی 7 ممالک نے یہ بھی کہا کہ وہ بین الاقوامی توانائی منڈیوں پر موجودہ بحران کے اثرات سے متعلق مکمل چوکنا رہیں گے اور صورتحال پر قریبی نظر رکھیں گے۔