ہفتہ, 26 اپریل , 2025

پاکستان دفاعی صلاحیت رکھتا ہے، جنگ بھارت کے لیے نقصان دہ ہوگی: سابق بھارتی جنرل کا مودی حکومت کو انتباہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ نے کہا ہے کہ پاکستان جوہری طاقت ہے اور جنگ کی صورت میں دفاع کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

نئی دہلی: بھارتی فوج کے سابق لیفٹیننٹ جنرل ایچ ایس پناگ نے وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان نہ صرف ایک جوہری طاقت ہے بلکہ کسی بھی ممکنہ جنگ میں بھرپور دفاعی صلاحیت کا حامل ہے، اس لیے کوئی بھی جلد بازی بھارت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

latest urdu news

جنرل ایچ ایس پناگ نے یہ بات اپنے ایک تازہ تجزیاتی آرٹیکل میں کہی، جس میں انہوں نے مودی حکومت کو پہلگام حملے کے بعد فوری ردعمل سے باز رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کی صورت میں بھارت کو اسٹریٹجک، معاشی اور انسانی نقصان اٹھانا پڑے گا، جبکہ پاکستان اپنے دفاع میں بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ بھارتی حکومت کو قومی جذبات اور سیاسی دباؤ کی بجائے مکمل حکمت عملی اور تدبر سے کام لینا چاہیے۔ ان کے مطابق بھارت کے پاس پاکستان پر کسی بھی محفوظ اور برتر حملے کی تکنیکی صلاحیت موجود نہیں — چاہے وہ میزائل ہوں، ڈرونز یا بحری و فضائی حملے۔

جنرل پناگ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صورت حال میں عوامی جذبات بھڑکے ہوئے ہیں، لیکن حکومت کو اس فضا میں کوئی فوری اور غیر سوچا سمجھا قدم نہیں اٹھانا چاہیے کیونکہ اس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی اور نقصان دونوں طرف ہوگا، لیکن بھارت کو زیادہ بھگتنا پڑے گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں مسلح حملے کے نتیجے میں 26 سیاح ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد بھارتی حکومت اور میڈیا میں پاکستان کے خلاف انتقامی کارروائی کی آوازیں بلند ہو رہی تھیں۔

شیئر کریں:
frontpage hit counter