سعودی عرب میں ایک دل کو چھو لینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی دوسری بیوی (سوکن) کی جان بچانے کے لیے اپنی قربانی دے کر سب کو حیران کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق، 39 سالہ خاتون، اسماء خالد، جو کہ دمام کے رہائشی ماجد حسن کی پہلی بیوی ہیں، انہوں نے اپنی سوکن، 32 سالہ نادیہ ماجد کو جگر عطیہ کیا۔ نادیہ کافی عرصے سے جگر کے عارضے میں مبتلا تھیں اور ان کی زندگی خطرے میں تھی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ فوری جگر ٹرانسپلانٹ نہ ہونے کی صورت میں نادیہ کی جان بچانا ممکن نہیں ہوگا۔
ماجد اور ان کے خاندان نے مختلف اسپتالوں اور رشتہ داروں سے رابطہ کیا، مگر کوئی موزوں عطیہ دہندہ نہ مل سکا۔ ایسے میں، اسماء نے نہ صرف خود کو ٹیسٹ کروانے کی پیشکش کی بلکہ جب رپورٹس میں ان کا جگر نادیہ سے مکمل میچ ہوا، تو انہوں نے بغیر کسی جھجک کے عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسماء کا کہنا تھا: "میں نے یہ قدم کسی دباؤ میں نہیں بلکہ اللہ کی رضا اور انسانیت کے ناتے اٹھایا۔ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اگر میری قربانی سے کسی کی جان بچ سکتی ہے تو اس سے بڑی سعادت کیا ہو سکتی ہے۔”
جگر ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن دمام کے کنگ فہد اسپتال میں ہوا، جہاں دونوں خواتین تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، اور ہزاروں افراد نے اسماء کے ایثار اور خلوص کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ کئی صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ:
"یہ صرف ایک عورت کا نہیں، انسانیت کا بڑا قدم ہے۔ ایسی مثالیں معاشرے میں برداشت، قربانی اور محبت کو فروغ دیتی ہیں۔”