ہفتہ, 31 مئی , 2025

ایک ہی خاندان کے 7 افراد نے زہر کھا کر خودکشی کرلی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنچکولہ (بھارت): بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع پنچکولہ میں ایک ہی خاندان کے سات افراد نے معاشی تنگدستی اور قرضوں کے بوجھ کے باعث زہر کھا کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کر لیا۔ واقعہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب ایک مقامی شہری نے ایک کار میں چھ افراد کی لاشیں اور ایک نیم مردہ شخص کو پایا، جو بعد ازاں اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔

latest urdu news

پولیس حکام کے مطابق متوفی خاندان کا تعلق ریاست اتراکھنڈ کے شہر دہرادون سے تھا، اور وہ پنچکولہ میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ خودکشی کرنے والوں میں میاں بیوی، ان کے تین بچے اور دونوں بزرگ والدین شامل ہیں۔

جائے وقوعہ سے پولیس کو ایک تحریری نوٹ ملا ہے جس میں معاشی بدحالی، قرضوں کا دباؤ، اور روزمرہ ضروریات کی عدم دستیابی کو اس انتہائی قدم کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ نوٹ کے مطابق خاندان طویل عرصے سے ذہنی و مالی دباؤ کا شکار تھا۔

عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ رات کے وقت چہل قدمی کے دوران اس نے ایک کار سے تولیہ باہر نکلا ہوا دیکھا، اور قریب جانے پر اندر چھ افراد کو بے سدھ پایا، جبکہ ایک شخص کی سانسیں چل رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق خاندان کے سربراہ نے دہرادون میں ایک ٹور اینڈ ٹریول کمپنی قائم کی تھی، جو بعد ازاں بند ہو گئی۔ کاروباری ناکامی، قرضوں کی واپسی میں ناکامی اور آمدنی کے تمام ذرائع ختم ہونے کے بعد خاندان نے یہ افسوسناک قدم اٹھایا۔ بتایا جاتا ہے کہ واقعے سے قبل خاندان ایک مذہبی تقریب میں بھی شریک ہوا تھا۔

ماہرین نفسیات اور سماجی تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک سنجیدہ سماجی المیہ ہے، جو بھارت میں بڑھتے ہوئے معاشی عدم استحکام، ذہنی صحت کے بحران، اور سماجی تحفظ کی کمی کو بے نقاب کرتا ہے۔ ایسے المیوں سے بچاؤ کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ معاشی دباؤ میں مبتلا افراد کو بروقت مدد، مشاورت اور سہارا فراہم کیا جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter