ٹینیسی (امریکہ): امریکی ریاست ٹینیسی میں واقع گولہ بارود بنانے والی ایک فیکٹری میں زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ 18 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جن کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ جمعہ کے روز دیہی علاقے میں قائم "ایکیوریٹ انرجیٹک سسٹمز” فیکٹری میں پیش آیا، جو امریکی فوج، خلائی اداروں اور تجارتی شعبے کے لیے دھماکا خیز مواد تیار کرتی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا جس سے زمین لرز اٹھی اور اس کی آواز میلوں دور تک سنائی دی گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق 19 افراد لاپتہ تھے، مگر بعد میں ایک شخص محفوظ حالت میں اپنے گھر سے مل گیا، جس کے بعد لاپتہ افراد کی تعداد 18 رہ گئی ہے۔
تاحال کسی ہلاکت کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی، لیکن حکام نے زندہ بچنے کے امکانات کم قرار دیے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب اس فیکٹری میں دھماکا ہوا ہو۔ 2014 میں بھی یہاں ایک دھماکے میں تین افراد زخمی اور ایک ہلاک ہوا تھا، تاہم موجودہ واقعہ نوعیت اور تباہی کے لحاظ سے سب سے بڑا حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور وفاقی ایجنسیاں بھی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔
امریکی فوج اور دیگر دفاعی ادارے بھی واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے فیکٹری انتظامیہ اور مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔