ایلون مسک نے اس سال اوپن اے آئی کو تقریباً 97.4 ارب ڈالر میں خریدنے کی کوشش کے دوران میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ سے مالی تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ اوپن اے آئی کی عدالت میں جمع کرائی گئی درخواست میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ مسک نے زکربرگ کو فنڈنگ کے لیے شامل کرنے کی بات کی تھی، لیکن نہ زکربرگ اور نہ ہی میٹا نے اس منصوبے میں شرکت کی اور نہ ہی نیت نامے پر دستخط کیے۔
اوپن اے آئی کے بورڈ نے فروری میں مسک کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔ عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ میٹا کو پابند کیا جائے کہ وہ مسک کے ساتھ ممکنہ رابطے کی تفصیلات فراہم کرے تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ مسک کمپنی کو منافع بخش بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ میٹا نے اس درخواست کو غیر متعلقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسک کی بولی میں ان کی کوئی شمولیت نہیں تھی، اس لیے ان کے پاس کوئی متعلقہ دستاویزات نہیں۔
ایلون مسک نے عدالت میں کہا کہ اوپن اے آئی کی موجودہ قیادت نے مائیکروسافٹ کے ساتھ شراکت داری کرکے ادارے کے غیر منافع بخش مقاصد کو نقصان پہنچایا ہے۔ مسک اور سیم آلٹمین نے تقریباً دس سال قبل اوپن اے آئی کی بنیاد رکھی تھی، لیکن ادارہ اب منافع بخش ماڈل کی طرف بڑھ رہا ہے، جس پر مسک نے اعتراض کیا اور اپنی کمپنی xAI قائم کر کے اوپن اے آئی کے خلاف قانونی لڑائی شروع کر دی۔