میکسیکو میں طاقتور منشیات گروہ سی جے این جی کے سربراہ اور انتہائی مطلوب ڈرگ لارڈ ال مینچو کو فوجی آپریشن کے دوران ہلاک کر دیا گیا۔ ال مینچو کی سر کی قیمت ڈیڑھ کروڑ ڈالر مقرر تھی اور اس کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاکت کے بعد متعدد ریاستوں میں سڑکیں بند کر دی گئیں اور مسلح افراد نے کئی گاڑیاں نذر آتش کر دیں۔ ریاست جالسکو کے گورنر نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی، جبکہ امریکی سفارتخانے نے بھی اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت جاری کی۔
حکام کے مطابق فوجی آپریشن کے دوران ال مینچو شدید زخمی ہوا اور میکسیکو سٹی منتقل کیے جانے کے دوران ہلاک ہو گیا۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ امریکی حکام نے اس کارروائی میں معلومات فراہم کیں، اور یہ آپریشن ایسے وقت میں کیا گیا جب امریکی انتظامیہ کی جانب سے میکسیکو پر منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف دباؤ بڑھایا جا رہا تھا۔
امریکی نائب وزیر خارجہ نے ال مینچو کی ہلاکت کو اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ میکسیکو، امریکا، لاطینی امریکا اور دنیا کے لیے اہم ہے۔ ہلاکت کے بعد ملک میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ ممکنہ تشدد اور ردعمل کو کنٹرول کیا جا سکے۔
