دبئی: زیرِ زمین لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دنیا کے مصروف ترین اور جدید شہروں میں شمار ہونے والے دبئی میں ٹریفک جام کے دیرینہ مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک منفرد اور جدید منصوبہ متعارف کرا دیا گیا ہے۔ دبئی حکام نے شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور سفر کے اوقات کو نمایاں حد تک کم کرنے کے لیے زیرِ زمین لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

latest urdu news

حکام کے مطابق یہ جدید لوپ سسٹم زیرِ زمین سرنگوں پر مشتمل ہوگا، جس کے ذریعے مسافر چند منٹوں میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔ منصوبے کے تحت شیخ زاید روڈ پر واقع دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (DIFC) سے دبئی مال تک کا سفر محض 3 منٹ میں ممکن ہو جائے گا، جو اس وقت ٹریفک کے باعث خاصا وقت لے لیتا ہے۔

دبئی حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور شہریوں کے روزمرہ سفر کو نہ صرف تیز بلکہ زیادہ آرام دہ بھی بنائے گا۔ لوپ ٹرانسپورٹ سسٹم کا پہلا پائلٹ روٹ تقریباً ساڑھے 6 کلومیٹر طویل ہوگا، جس پر جدید الیکٹرک گاڑیاں زیرِ زمین سرنگوں کے ذریعے چلیں گی۔

اس منصوبے کی مجموعی لاگت 54 کروڑ ڈالرز سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی مرحلے میں چار اسٹیشنز کے خاکے جاری کر دیے گئے ہیں، جو برج خلیفہ، ڈی آئی ایف سی 2، زبیل دبئی مال پارکنگ اور آئی سی ڈی بروک فیلڈ پلیس میں تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ مقامات دبئی کے انتہائی مصروف اور اہم کاروباری و تفریحی مراکز میں شمار ہوتے ہیں۔

دبئی میں شاہ رخ خان ٹاور پہلے دن ہی مکمل فروخت، 2.1 ارب درہم مالیت

لوپ سسٹم کی تعمیر کے لیے دبئی حکام نے ایلون مسک کی زیرِ ملکیت امریکی کمپنی دی بورنگ کمپنی کے ساتھ باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ کمپنی دنیا کے مختلف شہروں میں زیرِ زمین ٹرانسپورٹ کے جدید منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کے مکمل ہونے پر یہ لوپ سسٹم 19 اسٹیشنز پر مشتمل ہوگا اور اس کی مجموعی لمبائی 22.2 کلومیٹر ہوگی۔ منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر ایک سال کے اندر مکمل کیے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ مکمل پراجیکٹ کے تین سال میں پایۂ تکمیل تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیاب رہا تو دبئی شہری ٹرانسپورٹ کے میدان میں ایک بار پھر دنیا کے لیے مثال بن سکتا ہے اور دیگر بڑے شہر بھی اسی طرز کے نظام اپنانے پر غور کر سکتے ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter