دبئی حکومت نے موسم گرما کے دوران سرکاری ملازمین کے لیے چار دن کام اور تین دن کی چھٹیوں پر مبنی نیا نظام متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
اس فیصلے کا مقصد ملازمین کی فلاح، معیارِ زندگی میں بہتری اور کام کے بوجھ کو متوازن بنانا ہے۔ نئے نظام کے تحت سرکاری ملازمین کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔
ایک گروپ پیر سے جمعرات تک روزانہ آٹھ گھنٹے کام کرے گا، جبکہ انہیں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی دی جائے گی۔ دوسرے گروپ کے ملازمین ہفتے کے پہلے چار دن سات گھنٹے کام کریں گے اور جمعے کے روز صرف آدھے دن کی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ ہفتہ اور اتوار ان کے لیے تعطیلات ہوں گی۔
یہ نیا ورک شیڈول یکم جولائی سے 12 ستمبر تک لاگو رہے گا۔ اس سے قبل 2024 میں بھی دبئی حکومت نے اسی نوعیت کا ایک پائلٹ پروگرام متعارف کرایا تھا، جسے کامیاب قرار دیتے ہوئے اس سال دوبارہ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ الفیصل نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد حکومتی کارکردگی میں بہتری اور وسائل کا مؤثر استعمال ہے۔
اس سے پہلے شارجہ حکومت نے بھی 2022 میں ہفتے میں چار دن کام اور تین دن تعطیل کا نظام اپنایا تھا، جبکہ متحدہ عرب امارات کی وفاقی حکومت نے بھی اسی سال ساڑھے چار دن کے ہفتہ وار ورک ویک کا اعلان کیا تھا۔ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اس نظام کو اپنایا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں 2022 میں کیے گئے سب سے بڑے ٹرائل میں شامل کمپنیوں کی اکثریت نے اسے مستقل طور پر اپنانے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد اس ماڈل کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔