دبئی پولیس نے سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے فراڈ کرنے والا سوشل میڈیا گینگ گرفتار کر لیا، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت۔
دبئی پولیس نے سوشل میڈیا پر جعلی سرمایہ کاری اسکیمز کے ذریعے عوام کو لوٹنے والے ایک منظم سائبر گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کی کارروائی کے دوران چار افراد کو حراست میں لیا گیا جن پر الزام ہے کہ وہ خود کو بروکر ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا، کالز اور واٹس ایپ کے ذریعے متاثرین سے سرمایہ کاری کے جھوٹے وعدے کرتے رہے۔
حکام کے مطابق، گینگ متاثرہ شہریوں کو منافع بخش اسکیموں کے جھانسے میں لے کر ان سے رقم ہتھیاتا اور پھر وہ رقم بیرون ملک منتقل کر دی جاتی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ گروہ منظم طریقے سے مشکوک مالیاتی منصوبوں کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا جن میں بڑی تیزی سے منافع کا لالچ دیا جاتا۔
دبئی پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ مالیاتی پیشکش سے گریز کریں اور صرف متحدہ عرب امارات کے لائسنس یافتہ اور قانونی اداروں میں ہی سرمایہ کاری کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند برسوں میں مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک میں آن لائن مالیاتی فراڈ میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے سائبر سیکیورٹی ادارے مستقل طور پر عوامی آگاہی مہمات چلا رہے ہیں۔