دبئی، دبئی پولیس نے ایک خفیہ آپریشن کے دوران منظم انداز میں بھیک مانگنے والے ایک گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 41 افراد کو گرفتار کر لیا۔
یہ تمام افراد ایک ہوٹل میں مقیم تھے اور دبئی کے مختلف علاقوں میں بھیک مانگنے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق، گرفتار افراد عرب ممالک سے وزٹ ویزوں پر متحدہ عرب امارات آئے تھے۔ یہ لوگ دعا کی مالائیں اور دیگر مذہبی اشیاء فروخت کرنے کے بہانے عوام سے رقم وصول کر رہے تھے۔
کارروائی کے دوران پولیس نے 60,000 درہم سے زائد نقدی برآمد کی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 46 لاکھ روپے کے برابر ہے۔
یہ کامیاب آپریشن "المسباح” کے نام سے شروع کیا گیا، جسے جنرل ڈپارٹمنٹ آف کرمنل انویسٹیگیشن کے سسپیکٹس اینڈ کرمنل فینومینا ڈیپارٹمنٹ نے انجام دیا۔ آپریشن کا آغاز اس وقت ہوا جب 901 کال سینٹر کے ذریعے اطلاع ملی کہ کچھ افراد مشکوک انداز میں عوام سے دعا کی اشیاء فروخت کرتے ہوئے بھیک مانگ رہے ہیں۔
پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے نگرانی کا عمل شروع کیا اور موقع پر تین عرب باشندوں کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش میں ان افراد نے اعتراف کیا کہ وہ ایک منظم بھکاری گروہ کا حصہ ہیں، جس کے بعد مزید چھاپوں کے نتیجے میں 41 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھیک مانگنے جیسے جرائم کے خلاف سخت اقدامات جاری رہیں گے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے مشکوک عناصر کی فوری اطلاع دیں۔