چین کا پاک افغان جنگ بندی کا خیر مقدم، یو این مشن افغانستان کا لڑائی ختم کرنے کا مطالبہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تنازع کے پرامن حل اور دیرپا امن کے لیے مثبت اقدامات کریں۔ چینی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ چین نہ صرف خطے میں امن کے قیام کا خواہاں ہے بلکہ تعلقات کی بہتری میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

latest urdu news

چینی حکام نے بیان میں مزید کہا کہ چین مشترکہ تحمل، مکمل اور دیرپا جنگ بندی کی بھرپور حمایت کرتا ہے تاکہ سرحدی کشیدگی کے بجائے تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان (UNAMA) نے بھی پاک افغان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ہر قسم کی لڑائی بند کریں۔

اقوامِ متحدہ نے واضح کیا کہ سرحدی کشیدگی سے نہ صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ یہ علاقائی استحکام کے لیے بھی ایک خطرہ بن جاتی ہے، اس لیے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے افغانستان میں طالبان اور فتنہ الخوارج کے مبینہ ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی گئی تھیں جن میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔ اس کے بعد افغان طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کی گئی، جسے پاکستان نے قبول کرتے ہوئے 48 گھنٹوں کے سیزفائر پر اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق جنگ بندی پر عمل درآمد جاری ہے، اور یہ کل شام تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جب کہ مذاکراتی عمل کی راہ بھی کھلنے کی امید کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter