ٹیرف جنگ کی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے چین نے امریکا کے سامنے ایک قابل عمل منصوبہ رکھ دیا۔
چینی وزارتِ خارجہ نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ تجارتی کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام یکطرفہ ٹیرف مکمل طور پر ختم کیے جائیں تاکہ بات چیت کے ذریعے تنازع کا حل نکالا جا سکے۔
بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی ترجمان نے واضح کیا کہ: "اگر امریکا واقعی بات چیت چاہتا ہے تو اسے پہلے وہ اقدامات واپس لینے ہوں گے جنہوں نے یہ تنازع شروع کیا۔”
ترجمان نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ فی الحال امریکا کے ساتھ کسی سطح پر مذاکرات نہیں ہو رہے۔
یاد رہے کہ امریکا نے چین کی درآمدی اشیا پر مرحلہ وار 245 فیصد تک ٹیرف عائد کر رکھے ہیں، جبکہ ردعمل میں چین نے امریکی مصنوعات پر 125 فیصد تک ٹیکس بڑھایا ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل کہا تھا کہ وہ چینی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی کا ارادہ رکھتے ہیں، جسے چین اب عملی اقدامات سے مشروط کر رہا ہے۔