چین میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک کے 23 صوبوں میں سڑکوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
چینی وزارتِ ٹرانسپورٹ کے مطابق سڑکوں کو ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 2.2 ارب امریکی ڈالر لگایا گیا ہے، جو ملک کے بنیادی انفراسٹرکچر پر ایک بڑا بوجھ بن چکا ہے۔
وزارتِ ٹرانسپورٹ کے حکام نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ہنگامی اقدامات کے تحت سڑکوں کی فوری مرمت کے لیے مقامی انتظامیہ کو 540 ملین یوآن جاری کرنے کی منظوری دی ہے، تاکہ نقل و حمل کی بحالی جلد از جلد ممکن ہو سکے اور متاثرہ علاقوں میں عوامی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔
چین کی وزارتِ آبی وسائل کے مطابق ملک میں شدید بارشوں کا سلسلہ یکم جولائی سے شروع ہوا، جس نے شمالی اور جنوبی علاقوں میں معمول سے کہیں زیادہ بارشیں برسائیں۔ ان غیر معمولی موسمی حالات نے نہ صرف ٹرانسپورٹ نظام کو متاثر کیا بلکہ زراعت، صنعت اور روزمرہ زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
چین میں زیرِ تعمیر پل گرنے سے 12 افراد ہلاک، 4 لاپتہ
چینی حکام کا کہنا ہے کہ موسمیاتی شدت سے نمٹنے کے لیے مربوط اور طویل مدتی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے نقصانات سے بچا جا سکے۔