چین نے ایران-اسرائیل جنگ میں امریکی مداخلت کی مخالفت کر دی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین نے مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں امریکی مداخلت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم طاقت کے استعمال اور دھمکیوں کی مخالفت کرتے ہیں، عالمی برادری کو مذاکرات کی راہ ہموار کرنی چاہیے۔

بیجنگ: ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور امریکہ کی ممکنہ عسکری مداخلت پر چین نے سخت ردِ عمل دیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان گو جیا کھون نے اپنی یومیہ پریس بریفنگ میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال انتہائی نازک اور حساس ہے، اور اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو خطے کو بے قابو بحران اور ناقابلِ تلافی نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے۔

latest urdu news

چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (CGTN) کے مطابق، ترجمان نے بلومبرگ کی اس رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے، جس میں ایران پر امریکی حملے کے خدشات ظاہر کیے گئے تھے، کہا کہ چین اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل حمایت کرتا ہے، اور ہر اس اقدام کی مخالفت کرتا ہے جو دوسرے ممالک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے خلاف ہو۔

انہوں نے کہا کہ عالمی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا جنگ کی دھمکی ایک خطرناک روش ہے، جس سے پرہیز ضروری ہے۔ چین چاہتا ہے کہ عالمی برادری، خصوصاً وہ ممالک جو بین الاقوامی سطح پر بااثر سمجھے جاتے ہیں، غیرجانبدارانہ اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں تاکہ بات چیت اور سفارت کاری کی فضا بحال ہو، اور جنگ کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ مہینوں میں کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا ہے، اور امریکہ کی طرف سے ممکنہ حملے کی خبریں دنیا بھر میں تشویش کا باعث بن رہی ہیں۔ چین پہلے بھی کئی مواقع پر امن، بات چیت اور اقوامِ متحدہ کے کردار پر زور دیتا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter