چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا دورۂ بھارت اور پاکستان، 21 اگست کو اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں متوقع

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی آج سے بھارت کے اہم دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جس کے بعد وہ 21 اگست کو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ ان کے اس دورے کو حالیہ علاقائی تنازعات اور بدلتی عالمی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

چینی وزیر خارجہ اسلام آباد میں قیام کے دوران پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک مذاکرات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وانگ یی کا دورہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے بعد چینی سفارتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

latest urdu news

یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب رواں سال مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان چار روزہ جنگ اور جون میں ایران اور اسرائیل کے مابین عسکری تصادم ہو چکا ہے۔ ان حالات میں پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے، جبکہ چین نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے کھل کر سفارتی اور دفاعی سطح پر تعاون فراہم کیا تھا۔

چینی وزیر خارجہ کے دورے میں بدلتے جغرافیائی منظرنامے کا جائزہ لیا جائے گا اور اس بات پر غور ہوگا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان اور چین کس طرح اپنے تعلقات کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔ اس تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے، جہاں وہ ماہِ اگست کے آخر میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور چینی قیادت کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

دوسری جانب پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور وہ 23 اگست کو ڈھاکہ کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ علاقائی کشیدگی کی وجہ سے پہلے دو بار ملتوی ہو چکا ہے — ایک بار اپریل میں پہلگام حملے کے بعد اور دوسری مرتبہ مئی میں بھارت کے حملے کے باعث۔

ڈھاکہ میں اسحاق ڈار کی ملاقاتیں بنگلا دیشی ہم منصب اور عبوری حکومت کے سربراہ پروفیسر محمد یونس سے ہوں گی، جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔

اس سے قبل رواں ہفتے وفاقی وزیر تجارت جام کمال بھی ڈھاکہ روانہ ہوں گے، جب کہ ستمبر میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا بھی دورہ ڈھاکہ متوقع ہے۔ ان مسلسل دوروں کو پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون بڑھانے کی کوششوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter