چین کے صوبے چنگھائی میں زیرِ تعمیر پل گرنے کے افسوسناک واقعے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
حادثہ اُس وقت پیش آیا جب پل کی تعمیر کے دوران ایک اسٹیل کیبل ٹوٹ گئی، جس سے پل کا درمیانی حصہ گر کر دریا میں جا گرا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت پل کے مقام پر 15 مزدور اور ایک پراجیکٹ مینیجر موجود تھے۔ ابتدائی طور پر 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں امدادی کارروائیوں کے دوران مزید لاشیں نکالنے کے بعد یہ تعداد 12 تک پہنچ گئی۔
چینی حکام نے بتایا کہ پل کا ڈھانچہ "ییلو ریور” پر تعمیر کیا جا رہا تھا، اور کیبل کی اچانک خرابی سے پل کا مرکزی حصہ منہدم ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاپتہ افراد کی تلاش شروع کر دی، جو تاحال جاری ہے۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیشی عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ تعمیراتی کمپنی کی کارکردگی اور حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
چینی سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں حادثے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، اور حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔