چین میں 31 دسمبر تک شادی رجسٹر کرانے والے جوڑوں کے لیے کیش واؤچرز کا اعلان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین کے مشرقی شہر نِنگبو میں شادی کرنے والے جوڑوں کے لیے خصوصی انعامی اسکیم متعارف کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 28 اکتوبر سے 31 دسمبر 2025 کے دوران اپنی شادی رجسٹر کرانے والے جوڑوں کو کیش واؤچرز فراہم کیے جائیں گے۔

latest urdu news

یہ اقدام چینی حکام کی جانب سے نوجوانوں کو شادی اور بچوں کی پیدائش کی جانب مائل کرنے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے، کیونکہ حالیہ برسوں میں ملک میں شادیوں کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مہنگی تعلیم، بچوں کی پرورش کے بڑھتے اخراجات اور مالی دباؤ اس کمی کی بڑی وجوہات سمجھی جاتی ہیں۔

نِنگبو کے سول افیئرز ڈپارٹمنٹ نے اپنی سرکاری وی چیٹ پوسٹ میں بتایا ہے کہ شادی رجسٹر کرانے والے جوڑے ایک ہزار یوآن مالیت کے واؤچرز حاصل کریں گے، جو تقریباً 40 ہزار پاکستانی روپے کے برابر ہیں۔ یہ واؤچرز شادی کی فوٹوگرافی، تقریبات، ہوٹل میں قیام اور شادی سے متعلق دیگر خدمات پر خرچ کیے جا سکیں گے۔

حکام کے مطابق یہ واؤچرز محدود تعداد میں جاری کیے جائیں گے اور ان کی تقسیم "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر ہوگی۔ چین کے دیگر مشرقی شہروں میں بھی اسی نوعیت کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جہاں سال کے اختتام تک شادی کرنے والوں کے لیے مالی مراعات فراہم کی جا رہی ہیں۔

چین کی 1.4 ارب آبادی کے تیزی سے بوڑھے ہونے کے باعث حکام کے لیے شادی اور بچے کی پیدائش کی شرح بڑھانا ایک اہم چیلنج بن چکا ہے۔ گزشتہ سال حکومت نے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں "محبت کی تعلیم” جیسے پروگرام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی تھی تاکہ نوجوان نسل میں شادی اور خاندان کی اہمیت اجاگر کی جا سکے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter