پاکستانی طلبا کے لیے برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا شاندار موقع سامنے آ گیا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے شیوننگ اسکالرشپ پروگرام کے لیے درخواستوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو دنیا بھر کے باصلاحیت، محنتی اور مڈ کیریئر پروفیشنلز کو برطانیہ کی بہترین جامعات میں مفت تعلیم کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اس اسکالرشپ میں ٹیوشن فیس، رہائش، ویزا، سفری اخراجات اور ماہانہ وظیفہ شامل ہوتا ہے، یعنی کامیاب امیدوار کو تعلیم کے دوران کسی بھی قسم کے مالی بوجھ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
شیوننگ اسکالرشپ کے لیے وہ پاکستانی نوجوان اہل ہیں جن کے پاس کم از کم دو سال کا پیشہ ورانہ تجربہ ہو اور جو معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام پاکستان کے ابھرتے ہوئے لیڈرز کے لیے ایک لانچ پیڈ ہے، اور امیدواروں کو اپنی قیادت، اثر و رسوخ اور نیٹ ورکنگ کی حقیقی مثالوں کے ذریعے خود کو منوانا ہوگا۔
اس سال اسکالرشپ کے لیے درخواستیں 5 اگست سے 7 اکتوبر 2025 تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ برطانوی حکومت کے تحت چلنے والا یہ پروگرام 1983 میں شروع ہوا تھا اور اب تک دنیا کے 160 سے زائد ممالک کے 60 ہزار سے زائد طلبہ اس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
ہائی کمیشن نے تمام اہل امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے تعلیمی مستقبل کو بین الاقوامی کامیابی کی طرف لے جائیں۔ درخواست کے لیے مکمل تفصیلات برطانوی ہائی کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔