اوٹاوا، کینیڈا میں ہونے والے عام انتخابات میں لبرل پارٹی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے میدان مار لیا، جس کے بعد وزیراعظم مارک کارنی نے اپنی جماعت کی فتح کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
کینیڈا میں پارلیمانی انتخابات کے لیے پولنگ صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہی، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر اپنا جمہوری حق استعمال کیا۔
وزیراعظم مارک کارنی اور کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ پیئر پولی ایو کے درمیان سخت مقابلے کی پیشگوئی کی جا رہی تھی، تاہم نتائج میں لبرل پارٹی نے سبقت حاصل کرلی۔
کامیابی کے اعلان کے موقع پر مارک کارنی نے کہا کہ وہ پارلیمان میں تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر مثبت انداز میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے اقتصادی اور سلامتی کے معاملات پر مذاکرات کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات چیت کے لیے بھی تیار ہیں۔
دوسری طرف کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیئر پولی ایو نے مارک کارنی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اب تک کے انتخابی نتائج کے مطابق لیبر پارٹی کے 114 امیدوار کامیاب ہو چکے ہیں جبکہ مزید 48 نشستوں پر انہیں سبقت حاصل ہے۔ دوسری جانب کنزرویٹو پارٹی کے 106 امیدوار فتح حاصل کر چکے ہیں اور 43 حلقوں میں برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ادھر بلاک کیوبک کے 19 اور این ڈی پی کے 2 امیدوار بھی کامیاب ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ کینیڈا کی پارلیمان میں مجموعی طور پر 343 نشستیں ہیں اور حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 172 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔